عورت شوہر کی اطاعت کرے تو جنت میں داخل؟

12 نومبر، 2025   •   حافظ عبد الخالق قدوسی حفظہ اللہ

حدیث

أخبرنا عبد الله بن أحمد بن موسى الجواليقي بعسكر مكرم قال حدثنا داهر بن نوح الأهوازي قال حدثنا أبو همام محمد بن الزبرقان قال حدثنا هدبة بن المنهال عن عبد الملك بن عمير عن أبي سلمة عن أبي هريرة قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم إذا صلت المرأة خمسها وصامت شهرها وحصنت فرجها وأطاعت بعلها دخلت من أي أبواب الجنة شاءت

ترجمہ

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب عورت اپنی پانچ نمازیں پڑھ لے، رمضان کے روزے رکھ لے، اپنی شرمگاہ کی حفاظت کرے اور اپنے شوہر کی اطاعت کرے تو وہ جنت کے جس دروازے سے چاہے داخل ہو جائے۔

تبصرہ

یہ روایت کئی سندوں سے مروی ہے پر ثابت نہیں ہے۔

وقت کی قلت کے پیش نظر ہر سند پر الگ الگ تبصرہ کرنے کی بجائے آئمہ حدیث کی نظر میں یہ روایت کیسی ہے یہ اختصار کے ساتھ عرض کر دیتا ہوں ان شاءاللہ اس روایت کی حقیقت واضح ہو جائے گی۔

تخریج

  • صحیح ابن حبان رقم الحدیث 4163
  • مسند احمد رقم الحدیث 1661
  • مسند البزار البحر الزخار رقم الحدیث 7480
  • المعجم الاوسط للطبرانی رقم الحدیث 4598،8805
  • حلیۃ الاولیاء وطبقات الاصفیاء 6/308

تحقیق

امام ابو حاتم رحمہ اللہ نے کہا: ھذا حدیث باطل۔ ایک دوسری جگہ کہا: ھذا حدیث باطل لیس لہ اصل۔ مزید: العلل لابن ابی حاتم رقم الحدیث 1410، 2025

امام العلل امام دارقطنی رحمہ اللہ کے نزدیک بھی یہ روایت ثابت نہیں ہے۔ دیکھیں: العلل للدارقطنی 4/303

محمد بن طاھر المقدسی رحمہ اللہ نے کہا: رواہ الربیع بن صبیح عن یزید الرقاشی عن انس و الربیع ضعیف۔ راقم کہتا ہے کہ یزید الرقاشی بھی ضعیف ہے۔ ذخیرۃ الحفاظ 1/332

امام البزار رحمہ اللہ نے بھی اس روایت پر جرح کی ہے۔ مسند البزار البحر الزخار رقم الحدیث 7481

امام ابن عدی رحمہ اللہ نے اس روایت کو رواد بن الجراح کے ترجمے میں ذکر کیا ہے اور امام ابن عدی رحمہ اللہ منکر کہا ہے۔ الکامل لابن عدی 4/115

امام ذھبی رحمہ اللہ نے بھی یہ روایت رواد بن الجراح کے ترجمے میں ذکر کی ہے اور مزید امام یحیی بن معین رحمہ اللہ کی جرح اس روایت پر خاص نقل کی ہے۔ میزان الاعتدال للذھبی 2/55،56

نتیجہ

اس روایت کی کوئی سند ثابت نہیں ہے۔

ھذا ما عندی واللہ اعلم باالصواب


قدوسی ریسرچ سینٹر